آج کے دور میں    اسمارٹ فون ہر شخص کی ضرورت بن چکا ہے جس کا اندازہ آپ اس کے روز بروز بڑھتے استعمال کو دیکھ کر لگا سکتے ہیں ،ان اسمارٹ فون کو زیادہ کامیاب بنانے والا ان میں نصب جدید ترین کیمرہ کا نظام ہے۔اسمارٹ فون میں موجود جدید کیمروں کی سہولت نے ہر عمر کے افراد کے لئے بہترین تصویر کھینچنا انتہائی آسان بنا دیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان اسمارٹ فون کی قیمتوں کا انحصار اس میں نصب کیمروں کی جدت پر بھی ہوتا ہے یعنی جتنی زیادہ قیمت اتنا اچھا کیمرہ ۔تاہم ایک خوبی جو اب اسمارٹ فونز میں بڑھ چڑھ کر کمپنیوں کی جانب سے سامنے آرہی ہے وہ ایک ہی اسمارٹ فون میں زیادہ کیمروں کی سہولت فراہم کرنا ہے۔اس کے علاوہ متعدد کمپنیوں کی جانب سے ایسے کئی اسمارٹ فون متعارف کروائے جاچکے ہیں جن میں 3 یا 4 کیمرے نصب ہوتے ہیں جبکہ شاؤمی کی جانب سے ایک ایسا فون بھی متعارف کروایا گیا ہے جس کے بیک پر 5 کیمروں کی سہولت میسر ہے۔لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اسمارٹ فون میں اضافی کیمروں کا آخر مقصد کیا ہے جبکہ تصویر کھینچنے کے لئے تو ایک کیمرہ بھی کافی ہوتا ہے۔اسمارٹ فون کے بیک سائیڈ میں موجود تمام کیمروں میں ایک کیمرے کو پرائمری کیمرے کی حیثیت حاصل ہوتی ہے جس کی مدد سے تصویر کھینچتے وقت متعلقہ چیز کو فوکس کیا جاتا ہے۔اس کے علاوہ اضافی کیمروں میں سے ایک کیمرہ وسیع زاویے (وائڈ اینگل) کی سہولت رکھتا ہے جس کی مدد سے وہ تصویر کھینچتے وقت تک ایک مخصوص حد تک اردگرد کے منظر کو بھی کیمرے میں قید کرلیتا ہے۔جبکہ اس میں ایک اور  الٹرا وائڈ اینگل کیمرہ ہوتا ہے جو وائڈ اینگل کیمرے کے مقابلے میں آس پاس کے منظر کو مزید وسیع زاویے تک اپنے کیمرے میں قید کرلیتا ہے۔سادہ لفظوں میں ہم  اس نظام کو ایسے سمجھ لیں کہ انسان جب دونوں آنکھوں سے دیکھتا ہے تو اپنے اردگرد کے وسیع زاویے تک دیکھ پاتا ہے لیکن ایک آنکھ بند کر کے صرف ایک آنکھ سے دیکھے تو اسے کھلی آنکھ کے اطراف کا منظر تو دکھائی دیتا ہے لیکن بند آنکھ کی طرف کا منظر دکھائی نہیں دیتا ہے۔